70

امیتابھ کے ساتھ شوٹنگ کی منسوخی نے کپل شرما کیلئے نئی مشکلات کھڑی کردیں

بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان اور انیل کپور کے بعد کپل شرما کی میگا اسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ شو کی شوٹنگ ملتوی ہوگئی جس کے بعد ان کے لئے نئی مشکلات کھڑی ہوگئیں۔

کامیڈین کپل شرما کی سنیل گروور سے لڑائی کے بعد مشکلات اب تک کم نہیں ہورہیں اور شو کی گرتی ہوئی ٹی آر پی نے کپل کو بھی مشکلات کے پھنور میں دھکیل دیا ہے۔

سنیل سے لڑائی کے بعد شو کو بچانے کے لیے کپل نے بڑے بڑے کامیڈین راجو شری واستو اور بھارتی سنگھ کو بھی شو کا حصہ بنایا لیکن شو کی ٹی آر پی ٹاپ 10 میں واپس جگہ نہ بنا سکی۔

انیل کپور اور ارجن کپور بھی فلم ’’مبارکاں‘‘ کی تشہیر کے لیے شو کے سیٹ پر پہنچے جہاں 4 گھنٹے انتظار کے باوجود کپل خرابی صحت کے باعث سیٹ پر نہیں پہنچے لیکن اب میگا اسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ بھی شوٹنگ ملتوی کردی گئی ہے۔

بالی وڈ کے بگ بی امیتابھ بچن کو اپنے کوئز رئیلٹی شو’’ کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ کے سیزن 9 کی تشہیر کے لیے کپل شرما کے سیٹ پر شوٹنگ کرنا تھی لیکن اچانک ہی شوٹنگ ملتوی کردی گئی۔

کپل کی ٹیم نے سبکی سے بچنے کے لئے شوٹنگ ملتوی ہونے کو ٹی وی انڈسٹری میں جاری ہڑتال کی وجہ قرار دیا تاہم بھارتی میڈیا نے ہڑتال کے باعث شوٹنگ کینسل کرنے کی خبروں کو من گھڑت قرر دیا ہے۔

کپل شرما کے میگا اسٹار کے ساتھ شوٹنگ کینسل ہونے کو ان کے کیرئیر کے لیے بڑا نقصان سمجھا جارہا ہے جس کے بعد اب ایک بار پھر ’’دی کپل شرما شو‘‘ کی بندش کی خبروں نے زور پکڑ لیا ہے۔

کپل شرما چینل انتظامیہ کی جانب سے دی گئی وارننگ اور اپنی فلم ’’فرنگی‘‘ کی مسلسل شوٹنگ کے باعث شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں جس کا اعتراف ان کی بہن بھی کرچکی ہیں۔

گزشتہ دنوں بھی شاہ رخ خان انوشکا شرما کے ساتھ اپنی فلم کی تشہیری مہم کے لیے ’’دی کپل شرما شو‘‘ پر پہنچے تو اس سے قبل ہی کپل شوٹنگ کے دوران بے ہوش ہو کر گڑپڑے تھے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔

اپنی رائے دیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں